سائن اِن   |   رکنیت براے بلاگ

برگد کے بارے میں


برگد نوجوانوں کی ایک سماجی تحریک ہے جسکا آغاز1997میں پنجاب یونیورسٹی لاہور سے ہوا۔ ابتدائی طور پر برگد کے بانیوں نے سماجی تنازعات اور نوجوانوں کے بیچ تعلقات کو سمجھنے پر توجہ دی اور نوجوانوں کے ساتھ مل کر جمہوریت، تشدد، رواداری، متضاد فکرات، استعداد کاری، تنوع اورسیاسی شمولیت و تموج جیسے موضوعات پر بحث کا آغاز کیا۔ ان اقدامات کو نوجوانوں کی طرف سے بھرپور پذیرائی ملی اور اس طرح نوجوانوں کا ایک بڑا گروپ اس طرح کی بحث کو عام اور مقامی لوگوں تک لیجانے یں کامیاب ہوا۔ اور یوں23مئی1998کو گروپ برگد کے نام سے غیر سرکاری تنظیم کے طور پر ایک ادارہ رجسٹر کرا دیا گیا۔


برگد کا خواب

ایک ایسا خوشحال سماج، جس میں نوجوان سیاسی طور پر باشعور، جمہوری اقدار سے ہم آہنگ اور بہرہ مند،باہمی برداشت کے حامل، ذاتی ذمہ دارانہ رویہ رکھنے والے اور صنفی حساسیت سے مالا مال ہوں اور وہ آزادی، مساوات، قانون کی حکمرانی،تنوع کی موجودگی و خوبصورتی اور سماجی ہم آہنگی کا احترام کرتے ہوں۔


برگد کا مشن

برگد کا مشن ہے کہ نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کے ذریعے پاکستان کے سبھی نوجوانوں کے درمیان امن، انصاف اور باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے۔


اقدار

۔ ایک تنظیم کے طور پر اپنے خواب سے وابستگی
۔ جمہوری اقدار اور شفاف انتظامی امور کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اپنے آپ کو مسلسل ترقی دینے کے عمل اور مساوات کو فروغ دینا
۔ تمام نوجوانوں کو، انفرادی پہچان، صنفی برابری، باہمی عزت اور رواداری کی بنیاد پر بلا امتیاز شمولیت کے مواقع فراہم کرنا
۔ سب کے لیے برابر عزت و مرتبہ، انسانی حقوق اور قانون کی بالا دستی پر یقین رکھنا


نصب العین

۔ پاکستان کے نوجوانوں کے درمیان امن، انصاف اور باہمی تعاون کو فروغ دینا


حکمت عملی

۔ نوجوان دوست پالیسیوں کا اجرا، نفوذ اور تکمیل جیسے کاموں میں مدد اور حوصلہ افزائی کرنا
۔ نوجوانوں کو پائیدار اور ذمہ دارانہ ترقی کے عمل میں شامل کرنے کے لیے عملی کوشش کرنا
۔ برگد کو عملی طور پر نوجوانوں کی تنظیم کے طور پر مضبوط کرنا


برگد نوجوانوں کی سماجی ترقی سے بے رُخی کے خلاف ایک تعمیری جواب ہے اور ادارہ اس بات کا دعوی کرتا ہے کہ نوجوانوں کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کیا جا رہا ہے جہاں ان کے درمیان باہمی تعاون کو بڑھا کر اور استعداد کاری اور شمولیت کے مختلف النوع مواقع مہیا کیے جاتے ہیں جن کی بدولت نوجوانوں کا بہتر مستقبل تعمیر ہو سکتا ہے مزید یہ کہ برگد حقوق پر مبنی تربیت کو نوجوانوں کی ذاتی فلاح بہبود کے ساتھ جوڑتا ہے اور نوجوانوں کو تحریک، وکالت اور تعمیری کام کرنے کی صلاحیت کیساتھ آگے بڑھاتا ہے۔ برگد اپنی نوعیت کا ایک منفرد ادارہ ہے جو مقامی سطح پر نوجوانوں کی بھر پور شمولیت کیساتھ ساتھ صوبائی اور قومی سطح پر حکومتی اداروں ، پالیسی ساز کمیٹیوں اور قوانین ساز اسمبلیوں کے ساتھ ملکر کام کرتا ہے۔ اور اس بات میں بھرپور توانائی صرف کرتا ہے کہ نوجوانوں کے لیے بہتر پالیسی سازی اور قانون سازی کی جاسکے۔پاکستانی قانون میں اٹھارویں ترمیم کے بعد امور نوجوانان کو مرکز کی بجائے صوبائی سطح پر تفویض کر دیا گیا ہے لہذا ہر صوبے کی اپنی یوتھ پالیسی کا ہونا ایک اہم ترین امر تھا۔ اٹھارویں ترمیم کے فورا بعد ہی برگد نے بین الاقوامی ادروں کے ساتھ ملکر ملک کے تمام صوبوں کی یوتھ پالیسز بنانے کا بیڑہ اُٹھایا اور برگد ملک بھر کے صوبہ جات بشمول گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے صوبائی محکمہ جات برائے امور نوجوانان کے ساتھ ملکر پورے پاکستان میں نوجوانوں کی ترقی و فلاح بہبود کا کام کر رہا ہے۔ تمام صوبہ جات میں یوتھ پالیسی بنائے جانے کے طریقہ کار کے تحت ایک مکمل پالیسی کی صورت میں متعلقہ محکمہ جات کو مہیا کی جا چکی ہے جن میں پنجاب یوتھ پالیسی کو قانونی حثیت کیساتھ پنجاب حکومت کیطرف سے 6 جون 2012سے نافذ کر دیا جا چکا ہے اور اس کے ثمرات بھی سامنے آنے شروع ہو چکے ہیں۔ ملک بھر کے باقی تمام صوبہ جات میں یوتھ پالیسز منظوری کے مراحل میں ہیں۔ اسکے علاوہ برگد ملک بھر میں قریب 52نجی و سرکاری تعلیمی اداروں میں خواندہ یوتھ کے ساتھ استعداد کاری، آگاہی، پالیسی سازی میں شمولیت جیسے کاموں میں مصروف عمل ہے اور ملک بھر میں نیم خواندہ، ناخواندہ، معذور نوجوان، ایسے نو جوان جو کسی مہارت کے حامل ہیں، وہ نوجوان جو کسی مہارت کے حامل نہیں ہیں اور جیل خانہ جات میں نوجوانوں کے لیے بھر پور کام کر رہا ہے۔ برگد کے مشن میں چونکہ امن، انصاف اور نوجوانوں کے درمیان باہمی تعاون کا فروغ شامل ہے اس لیے برگد دیہاتی اور شہری نوجوان کمیونٹی، نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کے طلبا وطالبات اور اساتذہ اکرام اور دینی مدارس میں موجود نوجوانوں کو ایسے باہمی گروہی گفتگو اور سٹڈی سرکل میٹنگز کے مواقع فراہم کرتا ہے جن کے موضوعات ایسے ملکی اور غیر ملکی سطح پر رونما ہونے والے واقعات ہوتے ہیں جن میں امن اور انصاف کے حوالے سے تنقیدی و اصلاحی امور بارے معلومات ہو اور زیر بحث لائے جا سکیں۔ اس طرح کی باہمی و گروہی گفتگو میں نوجوان کے مابین ہم آہنگی، اختلاف رائے کا احترام اور درپیش مسائل بارے پر امن حل کرنے کی صلاحیت کو اجاگر کیا جاتا ہے۔ سن 2014میں برگد نے جنوبی پنجاب میں فروغ امن کے لیے نوجوانوں کی شمولیت اور استعداد کاری کا ایک پراجیکٹ شروع کیا جس کی تمام تر تفصیلات اردو زبان میں اس ویب سائٹ کے ذریعے فراہم کی جاتی ہیں۔